پاکستان رینجرز (سندھ) کا اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ رینجرز نے کراچی کے علاقے ملیر سمو گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم علی گل ولد شیر علی کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق، ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اسلحے کے زور پر شہریوں سے موبائل فون چھیننے اور جیب کاٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
مزید برآں، ملزم نے ڈکیتی کے دوران شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا۔
ترجمان کے مطابق، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو واضح طور پر شناخت کیا جا سکتا ہے۔
رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔
رینجرز نے یقین دلایا ہے کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
