خیرپور (کرائم رپورٹر): خیرپور پولیس نے ڈاکوؤں کے نام پر بھتہ وصولی اور سہولت کاری میں ملوث عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
کراچی: صدر میں پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دو فرار
ایس ایس پی خیرپور حسن سردار نیازی کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ فیض محمد ناریجو اور ایس ایچ او تھانہ وڈا مھیسر کی قیادت میں ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائیاں کیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد یاسین ناریجو، صدام حسین ناریجو اور راشد ولد امداد علی چانڈیو کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان کچے کے علاقے کے ڈاکوؤں کے لیے سہولت کاری کرتے اور زمین داروں و شہریوں سے بھتہ وصولی میں معاونت فراہم کرتے تھے۔
ایس ایس پی خیرپور کے مطابق، ملزمان مختلف ڈاکو گروہوں کو سرمائیداروں کی نشاندہی کرتے اور انہیں بھتہ مانگنے کے لیے فون کرواتے تھے، جبکہ انکار پر متاثرین کی فصلوں اور املاک کو نقصان پہنچاتے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جن کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
-
FIR نمبر 41/2025، دفعات 324، 353، 384، 427، 511، 216، 212، 34 – تھانہ فیض محمد ناریجو
-
FIR نمبر 42/2025، دفعہ 24 سندھ آرمز ایکٹ – تھانہ فیض محمد ناریجو
-
FIR نمبر 133/2025، دفعات 384، 212، 216، 353، 34 – تھانہ وڈا مھیسر
ترجمان کے مطابق، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور کچے کے ڈاکوؤں کے ساتھ تعلقات کو بے نقاب کیا جا سکے۔
ایس ایس پی خیرپور حسن سردار نیازی نے کامیاب کارروائیاں کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباشی کا پیغام دیا اور کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
