کراچی (اسٹاف رپورٹر) — پاک بحریہ نے بن قاسم، گھارو میں مینگروو شجرکاری مہم 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل فیصل امین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔
یہ مہم محکمہ جنگلات سندھ و بلوچستان اور انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (IUCN) کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل فیصل امین نے کہا کہ مینگرووز موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ساحلی آبادیوں کو زمینی کٹاؤ اور قدرتی آفات سے بچانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ جنگلات اور آئی یو سی این کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ماحولیاتی آگاہی کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
پاک بحریہ کی ماحولیاتی تحفظ کے لیے شجرکاری مہمات ایک مستقل پروگرام کا حصہ ہیں، جن کے تحت اب تک شاہ بندر سے جیوانی تک 87 لاکھ مینگروو کے پودے لگائے جا چکے ہیں۔ ان مہمات کے ذریعے مقامی آبادی کو روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم ہوئے ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سمندری حیاتیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی بحریہ کے ماحولیاتی اقدامات کی بنیاد ہیں، اور مینگروو شجرکاری مہم اسی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

