لاہور (اسٹاف رپورٹر) — پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا حقیقی مستقبل ہیں، ان کی تعلیم، شعور اور کردار ملک کے استحکام اور ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
حیدرآباد تھیٹر فیسٹیول 2025 کا شاندار افتتاح، سندھ میوزیم میں فن و ثقافت کا رنگ بکھر گیا
وہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کے دورے پر طلبہ و طالبات اور ادارے کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی صرف اندرونی امن تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر مسائل اور چیلنجز کو مدنظر رکھنا بھی ضروری ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کے دفاع اور تحفظ کی ذمہ داری نبھائی ہے۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے نہ صرف داخلی سلامتی کو مضبوط بنایا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار میں اضافہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ نوجوانوں کو قومی ذمہ داریوں اور حالات حاضرہ کا شعور دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نشست کے دوران طلبہ نے مختلف سوالات کیے جن کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلی جوابات دیے۔ طلبہ نے اس موقع پر کہا کہ اس مکالمے سے ان کے کئی شکوک و شبہات دور ہوئے ہیں اور فوج کے کردار پر ان کا اعتماد مزید بڑھا ہے۔
