وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورتحال اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیول چیف نے وزیر دفاع کو موجودہ میری ٹائم چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی جامع تیاریوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر دفاع کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جن کا مقصد بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی ہے۔
وزیر دفاع نے جدید پلیٹ فارمز اور آلات کی حالیہ شمولیت میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے پاکستان کے سمندری دفاع کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے ملک کے بحری مفادات کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کلیدی کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ وزارت دفاع پاک بحریہ کی آپریشنل اور ترقیاتی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
