اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے پیش گوئی کی ہے کہ ان کے بھائی کو ایک اور مقدمے میں سزا سنائی جانے والی ہے۔
کراچی: ایک گھنٹے میں 3 ٹریفک حادثات، ماں بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی
نجی ٹی وی کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ جیل کے اندر توشہ خانہ ٹو کیس کی کارروائی غیر معمولی عجلت میں کی جا رہی ہے اور اس سب کا مقصد عمران خان کو ایک اور سزا دلوانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خود بھی بخوبی اندازہ ہے کہ فیصلہ ان کے خلاف آئے گا، کیونکہ موجودہ حالات میں انصاف کی فراہمی کی کوئی امید باقی نہیں رہی۔
علیمہ خان نے مزید الزام عائد کیا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کے کارکنان پر نئے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں تاکہ دباؤ بڑھایا جا سکے۔ ان کے بقول گزشتہ دو برس سے میڈیا اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہا ہے لیکن کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، تاہم اب جان بوجھ کر ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے ماحول کشیدہ ہو۔
انہوں نے میڈیا نمائندوں سے براہِ راست گفتگو کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ مین اسٹریم میڈیا کے سامنے اس لیے بات نہیں کریں گی کیونکہ وہاں ’’پلانٹڈ لوگوں‘‘ کو بھیجا جاتا ہے جو بدتمیزی اور انتشار پیدا کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں کارکن مشتعل ہوتے ہیں اور مزید گرفتاریاں عمل میں آتی ہیں۔
