کراچی (کرائم رپورٹر) شہر قائد میں پیر کی صبح ایک ہی گھنٹے کے دوران پیش آنے والے تین مختلف ٹریفک حادثات میں ماں بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ دو جان لیوا حادثات ہیوی ٹریفک کے باعث رونما ہوئے۔
پہلا حادثہ لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔ حادثے میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ متوفیہ کی شناخت 45 سالہ رئیسہ زوجہ احمد اور جاں بحق نوجوان کی شناخت 20 سالہ ارمان ولد احمد کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی نوجوان 24 سالہ حسنین ولد احمد بتایا گیا۔ پولیس کے مطابق تینوں ماں بیٹے لانڈھی کے رہائشی اور مقامی مل میں ملازمت کرتے تھے۔ واقعے کے بعد واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا گیا، تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
دوسرا حادثہ موچکو تھانے کی حدود بلدیہ ناردرن بائی پاس حاجی خواستی گوٹھ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے 28 سالہ شہباز جاں بحق اور 25 سالہ داؤد ولد اسلم زخمی ہوگیا۔ دونوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
تیسرا حادثہ ساحل تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 8 کریک وسٹا اپارٹمنٹ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 35 سالہ یار جان ولد نور محمد جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق تینوں حادثات میں ہیوی ٹریفک اور تیز رفتاری بنیادی وجہ رہی، جبکہ ڈرائیوروں کے فرار ہونے کے باعث مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
