سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گڈو بیراج پر اونچے جبکہ سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تمام بیراجوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں بھرپور مصروف ہے۔
سیلاب متاثرین کے لیے بجلی کے بل معطل، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اعلان
شرجیل میمن نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پنجند میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم کا بہاؤ 402,919 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ گڈو بیراج پر اپ اسٹریم کا بہاؤ 612,269 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم 582,942 کیوسک ہے۔ سکھر بیراج پر اپ اسٹریم 488,820 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم 438,390 کیوسک ریکارڈ ہوا، جبکہ کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم 274,129 اور ڈاؤن اسٹریم 261,399 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5,269 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، یوں اب تک منتقل ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 163,364 ہو چکی ہے۔ کچے کے علاقوں سے مزید 252 افراد کو ریلیف کیمپس میں منتقل کیا گیا جہاں اس وقت مجموعی طور پر 469 متاثرین موجود ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے 177 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ سائٹس قائم کی گئی ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6,596 مریضوں کا علاج کیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر 84,118 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔
ان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11,569 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد اب تک منتقل ہونے والے مویشیوں کی تعداد 438,835 ہو گئی ہے۔ مزید یہ کہ 51,308 مویشیوں کو ویکسین اور علاج فراہم کیا گیا جس کی مجموعی تعداد 1,232,223 تک پہنچ گئی ہے۔
