کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کورنگی میں زیر تعمیر نیا جام صادق بریج کا دورہ کیا اور عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ صرف ایک ہفتے میں پل کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی۔
میئر کراچی نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے محض پانچ ماہ کے عرصے میں 1.5 کلومیٹر طویل آٹھ لین چوڑا پل تیار کیا ہے۔ پل کی دو لینز پر بسیں جبکہ چھ لینز پر عام ٹریفک رواں دواں ہوگی۔ اس کے علاوہ پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے لیے بھی خصوصی ٹریک بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرانے پل کی بحالی بھی ساتھ ساتھ کی جا رہی ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ "لوگ کہتے ہیں پیپلز پارٹی کراچی میں کام نہیں کرتی، لیکن اب ہر دن ایک نئے منصوبے کے ساتھ شروع ہوتا ہے۔”
میئر نے مزید کہا کہ شہر بھر میں دیگر منصوبے بھی تیزی سے جاری ہیں اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کراچی کے لیے کیے گئے ہر وعدے کو پورا کیا جا رہا ہے۔
