تیانجن (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ اجلاس کے موقع پر جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے دوطرفہ ملاقات کی۔
کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی کارروائی، فتنہ الخوارج اور القاعدہ برصغیر کے 5 دہشتگرد گرفتار
دونوں رہنماؤں نے پاک–ترک تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو سراہتے ہوئے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
صدر ایردوان نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر ایردوان نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مسلم دنیا سمیت عالمی سطح پر امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

