کراچی: اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور سی آئی اے پولیس نے تھانہ کلاکوٹ کی حدود میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے گٹکا اور ماوا تیار کرنے والے کارخانے پر چھاپہ مارا۔ ایس ایس پی محمد شعیب میمن کے مطابق، پولیس نے کارروائی کے دوران ایک ملزم حماد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایس آئی یو حکام کے مطابق کارروائی کے دوران پچاس کلو سے زائد مضر صحت گٹکا ماوا، بھیگی ہوئی چھالیہ، تمباکو اور پیکنگ کے لیے استعمال ہونے والا سازوسامان برآمد کیا گیا ہے۔
شعیب میمن نے بتایا کہ ملزم روزانہ کی بنیاد پر 100 سے 200 کلو گٹکا ماوا تیار کرتا تھا، جو بعد ازاں شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ یہ مضر صحت مواد انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جب کہ ممکنہ خریداروں اور سپلائی نیٹ ورک تک پہنچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

