تشکر نیوز: ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) محمد اسحاق کھوڑو نے اعلان کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم میں رہائشی پلاٹس پر غیر قانونی اضافی منزلوں، پورشنز، زیر تعمیر منصوبوں اور پرانی کمرشل و رہائشی کثیرالمنزلہ عمارتوں میں تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزیوں کا سختی سے خاتمہ کیا جائے گا۔
چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ کی شہریوں کو سفید کپڑا خریدنے کی تجویز، ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار
ڈی جی ایس بی سی اے کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شریک ہوئے۔ اجلاس میں ہدایات جاری کی گئیں کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے لیے فوری طور پر فہرستیں مرتب کی جائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروا کر انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرایا جائے۔
محمد اسحاق کھوڑو نے واضح کیا کہ نئی یا گزشتہ تین سالوں میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ وہ تمام منصوبے اور رہائشی و تجارتی عمارتیں جو غیر قانونی تجاوزات، ہنگامی راستوں کی بندش، فائر سیفٹی آلات کی عدم تنصیب یا کار پارکنگ کی خلاف ورزی میں ملوث ہوں گی، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی علاقے میں غیر قانونی تعمیرات ہوتی ہیں اور انہیں بروقت نہیں روکا جاتا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ ڈپٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پر عائد ہوگی۔ اس کے علاوہ، ویجیلنس سیکشن کی جانب سے تاخیر یا خامیوں پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور بدانتظامی میں ملوث افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل نے افسران کو عدالتی مقدمات میں مقررہ وقت پر پیش ہونے کی سخت ہدایت دی اور کہا کہ عدالتی احکامات کی تعمیل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مزید برآں، عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کمپلینٹ پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات پر ایک ہفتے کے اندر کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
انہوں نے تمام اضلاع کے ڈائریکٹرز کو تاکید کی کہ بڑے پیمانے پر آپریشن کلین اپ کی تیاری مکمل کی جائے، اور غیر قانونی تعمیرات، زمین کے غیر قانونی استعمال، اور دیگر تعمیراتی بے قاعدگیوں کی تفصیلی فہرستیں مرتب کرکے پیش کی جائیں۔
