کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کی بہتری کے لیے مختلف منصوبے جاری ہیں، جن کے مکمل ہونے سے شہر میں نمایاں بہتری آئے گی۔ فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے واٹر کارپوریشن کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ لیاری سمیت شہر بھر میں پانی کی بلا تعطل اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔
سندھ حکومت کا منافع خوروں کے خلاف مؤثر کارروائی کا منصوبہ
میئر کراچی نے یہ بات لیاری کے منتخب عوامی نمائندوں کے اعلیٰ سطحی وفد سے چیئرمین سیکریٹریٹ کارساز میں ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نبیل گبول، اسپیشل اسسٹنٹ تیمور سیال، اسپیشل اسسٹنٹ عثمان ہنگورو، رکن صوبائی اسمبلی یوسف بلوچ، ایم ڈی واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان، اور میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران لیاری کے مختلف علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے میئر کراچی کو لیاری میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے درخواست کی۔ میئر کراچی نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ منتخب نمائندوں سے مکمل تعاون کریں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے سب سے بڑے مسئلے، پانی کی کمی کو دور کرنے کے لیے سندھ حکومت کے تعاون سے مختلف منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔ حب کینال منصوبے کی تکمیل سے پانی کی قلت کو کم کیا جائے گا، اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے منصوبے ترتیب دیے گئے ہیں، جن کے مکمل ہونے سے شہریوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔