کراچی: منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے متحرک، نیو کراچی ٹاؤن میں بنیادی ضروریات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے یونین کمیٹی نمبر 05 سیکٹر 5-F کا دورہ کیا اور علاقے میں پینے کے صاف پانی کی لائنوں کی تنصیب کا جائزہ لیا۔
ڈسٹرکٹ سٹی: سنگھم گینگ کے 4 کارندے گرفتار، موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث
اس موقع پر یونین کمیٹی 05 کے چیئرمین عطاء الرحمن، کوآرڈینیٹر چیئرمین حنظلہ انور قریشی، یوسی وائس چیئرمین، وارڈ کونسلرز اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں بنیادی مسائل کی بڑی وجہ متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی ہے، جس کے باعث ٹاؤن انتظامیہ نے اپنے فنڈز سے مختلف علاقوں میں واٹر اینڈ سیوریج کی لائنوں کی تنصیب اور مرمت کا کام مکمل کیا ہے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ اگر عوامی خدمات انجام دینے والے ادارے، خصوصاً واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، نیک نیتی سے تعاون کریں تو شہریوں کے مسائل جلد حل ہو سکتے ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ہے اور جلد ٹاؤن کا انفراسٹرکچر بحال کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ "کلک” کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے مثبت اثرات جلد عوام کو نظر آئیں گے۔