تشکر نیوز: کراچی میں ممکنہ برسات کے پیش نظر واٹر کارپوریشن کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے افسران کو ہنگامی حالات کے لئے تیار رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، کئی علاقوں میں بجلی غائب
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق، تمام جیٹنگ، سکشن، راڈنگ، سیور کلیننگ مشینوں اور ڈی واٹرنگ پمپس سمیت دیگر مشینری کو ہمہ وقت تیار رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ سپرینٹنڈنٹ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز کو اپنے اضلاع اور ڈویژنوں میں موجود رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
سی ای او واٹر کارپوریشن نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ بارش سے قبل شہر بھر کی اہم شاہراہوں پر مشینری پہنچائی جائے اور بجلی کی عدم فراہمی کی صورت میں پمپنگ اسٹیشنز کو جنریٹرز کی مدد سے رواں رکھا جائے۔
انجینئر سید صلاح الدین احمد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران مین ہولز کے ڈھکن نہ کھولیں کیونکہ اس سے سیوریج کا بہاؤ رک جاتا ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔