امریکی شہری نے 251 واں عالمی ریکارڈ قائم کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے شہری ڈیوڈ رش نے تیسری بار قلیل ترین مدت میں گیندوں کو گلاسوں میں ڈالنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور یہ اس کا مجموعی طور پر 251 واں عالمی ریکارڈ ہے۔
رپورٹس کے مطابق ڈیوڈ رش نے 1.64 سیکنڈ میں پانچ پنگ پانگ گیندوں کو باؤنس کر کے پانچ شیشوں کے گلاس میں کامیابی سے ڈالا، ڈیوڈ رش نے سب سے پہلے 2018 میں کوسٹا ریکا کے سفر کے دوران پنگ پانگ گیند کو پانچ کپ میں باؤنس کرنے کا تیز ترین ریکارڈ قائم کیا لیکن ان کا 3.51 سیکنڈ کا وقت جلد ہی ایک دوسرے چیلنجر نے توڑ دیا۔
رش بعد میں 2.03 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ عالمی ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن یہ ریکارڈ بھی کینیا کے علی خان کازیا نے توڑ دیا جنہوں نے صرف 2 سیکنڈ کا وقت صرف کیا۔
ڈیوڈ رش نے کہا کہ انہوں نے اپنی تکنیک کو بہتر بنانے کیلئے کام شروع کیا اور گنیز ورلڈ ریکارڈز کے اصول میں تبدیلی کی وجہ سے چھوٹے کپ استعمال کرنے میں کامیاب ہوئے جس سے وہ 1.64 سیکنڈ کا نیا وقت حاصل کر سکے اور ریکارڈ دوبارہ حاصل کیا۔