اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے سیرت طیبہ ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپ ﷺ کی ولادت سے دنیا نے نور کا چہرہ دیکھا اور انسانیت نے عدل و رحم کا حقیقی مفہوم پایا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق نبی کریم ﷺ نے مکہ کی سخت فضاؤں میں دیانت اور ایمانداری کا چراغ روشن کیا۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو حق، سچ اور حکمت کا راستہ دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے محبت، اخوت، رواداری اور انسانیت کا درس دیا۔ آپ ﷺ نے کمزوروں، یتیموں اور محتاجوں کے حقوق کا خصوصی خیال رکھنے کی تلقین فرمائی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسوۂ حسنہ ﷺ مسلمانوں کی دینی اور دنیاوی اصلاح کے لیے مشعل راہ ہے۔ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیرت طیبہ ﷺ پر حقیقی عمل ضروری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا میں بدامنی، انتشار اور خلفشار کا خاتمہ اسوۂ حسنہ ﷺ پر عمل سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مبارک دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سیرت طیبہ ﷺ کو اپنے کردار، انفرادی رویوں اور اجتماعی طرز عمل کا حصہ بنائیں گے۔