وزیراعظم شہباز شریف کی اردوان، البرہان اور فن لینڈ کے صدر سے ملاقاتیں

انطالیہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

ملاقات اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن (UNFCCC) کے تحت کوپ 31 سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی اور علاقائی روابط میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے جاری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی روابط مضبوط بنانے کے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔

کشیدگی میں کمی اور مذاکرات پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک، خصوصاً معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی کوششوں کو اجاگر کیا۔

صدر اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے لیے سفارتی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے سفارتی اقدامات کے دوران مسلسل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کو ضروری قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے قومی مفادات کے اہم امور پر ایک دوسرے کی حمایت اور اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کی سوڈان کے صدر عبدالفتاح البرہان سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے سوڈان کی عبوری خودمختار کونسل کے صدر جنرل عبدالفتاح البرہان سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم نے پاکستان اور سوڈان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سوڈان کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے موجودہ چیلنجز کے تناظر میں سوڈان کے عوام سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فن لینڈ کے صدر سے ملاقات، موسمیاتی تعاون پر گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف نے فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔

وزیراعظم نے سیلاب کی پیشگی اطلاع، آبی وسائل کے انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت، گلیشیئرز کی نگرانی اور بروقت انتباہی نظام میں فن لینڈ کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

انہوں نے پاکستان اور فن لینڈ کے تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ہنرمندی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط پر مبنی مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فن لینڈ کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت

وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات کا ذکر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں نوکیا، وارٹسلا، میٹسو اور ویسالا سمیت فن لینڈ کی کمپنیوں کی موجودگی کا خیرمقدم کیا۔

شہباز شریف نے کاروباری روابط، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ٹیلی کمیونیکیشن، جدید مینوفیکچرنگ، ماحول دوست ٹیکنالوجیز اور کان کنی میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔

دونوں رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات کے خطرات میں کمی اور ماحولیاتی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کا کردار سراہا گیا

وزیراعظم اور فن لینڈ کے صدر نے مذاکرات، ثالثی اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے یوکرین اور مغربی ایشیا کے تنازعات کے پائیدار حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو کی۔

صدر الیگزینڈر اسٹب نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور ثالثی میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون مزید گہرا کرنے اور روابط برقرار رکھنے کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے فن لینڈ کے صدر کو مناسب وقت پر پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف انطالیہ سے وطن واپس روانہ ہوگئے۔ جمہوریہ ترکیہ کے نائب وزیر ماحولیات حسن سوور نے انطالیہ ایئرپورٹ پر وزیراعظم کو الوداع کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!