کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے پاسپورٹ کے صفحات میں ردوبدل کرکے سابقہ سفری ریکارڈ چھپانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق سانگھڑ کا رہائشی مسافر سیف اللہ اسٹڈی ویزا پر استنبول کے راستے شمالی قبرص (ٹی آر این سی) جا رہا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران اس کے سفری ریکارڈ میں مشکوک تفصیلات سامنے آئیں۔
سابقہ سفری ریکارڈ چھپانے کا انکشاف
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جانچ پڑتال سے معلوم ہوا کہ مسافر نے مارچ 2026 میں سابقہ پاسپورٹ پر شمالی قبرص جانے کی کوشش کی تھی۔ تاہم حکام نے اسے داخلے کی اجازت نہیں دی اور پاکستان واپس بھیج دیا تھا۔
مسافر کو جون 2026 میں لاہور ایئرپورٹ پر بھی آف لوڈ کیا گیا تھا۔
مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مسافر نے اپنے پرانے پاسپورٹ سے ترک ویزا اور آف لوڈنگ کی مہر ہٹوا دی تھی۔ بعد ازاں اس نے نیا پاسپورٹ حاصل کیا، جس میں سابقہ سفری واقعات کا ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
قبرص میں موجود ایجنٹ کا کردار بھی زیر تفتیش
ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتا چلا ہے کہ مسافر نے سفری دستاویزات قبرص میں مقیم حرمین نامی ایجنٹ کے ذریعے تیار کروائی تھیں۔
حکام پاسپورٹ کے صفحات میں ردوبدل، سابقہ سفری ریکارڈ چھپانے اور ایجنٹ کے ممکنہ کردار کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
ایف آئی اے امیگریشن نے مسافر کو متعلقہ دستاویزات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) کراچی منتقل کردیا ہے۔