کراچی کے ضلع شرقی کی پولیس نے یونیورسٹی روڈ پر طالب علم کو لوٹنے والے ملزم کو واردات کے چند گھنٹوں بعد گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کی شناخت شمشیر کے نام سے کی ہے۔
ملزم سے چھینا گیا سامان اور اسلحہ برآمد
پولیس کے مطابق ملزم یونیورسٹی روڈ پر بس کا انتظار کرنے والے طالب علم سے لوٹ مار میں ملوث تھا۔ اس نے اسلحے کے زور پر طالب علم سے موبائل فونز، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اور دیگر سامان چھینا تھا۔
ترجمان ایس ایس پی ضلع شرقی کے مطابق واردات کا مقدمہ تھانہ مبینہ ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے گرفتاری کے بعد ملزم کے قبضے سے چھینے گئے موبائل فونز، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اور نقدی برآمد کرلی۔ وارداتوں میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
طالبات سے لوٹ مار کے واقعے کی تحقیقات جاری
واضح رہے کہ گزشتہ روز ابوالحسن اصفہانی روڈ پر گاڑی کے انتظار میں کھڑی طالبات سے بھی لوٹ مار کی واردات ہوئی تھی۔
واقعے کے بعد وزیر داخلہ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ضلع شرقی سے رپورٹ طلب کی تھی۔ انہوں نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔
تاہم 24 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود اس واقعے میں پیش رفت نہیں ہوسکی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہیومن انٹیلیجنس اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش جاری ہے۔