کراچی پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 9 فلسطینی شہید
اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک، ضلعی ایس ایس پیز، فقہ جعفریہ کے علماء کرام، مجالس و جلوس کے منتظمین اور دیگر متعلقہ عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران محرم الحرام سے متعلق سیکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے سابقہ سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں، جنہیں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے غور سے سننے کے بعد حل کی یقین دہانی کرائی۔
علماء اور منتظمین نے جلوسوں کے انٹری پوائنٹس، پرمٹس، سڑکوں کی مرمت، انکروچمنٹ، ٹریفک روانی اور لوڈشیڈنگ سے متعلق مسائل بھی اجاگر کیے، جس پر پولیس چیف نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر فوری اقدامات کیے جائیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ہدایت دی کہ تمام مجالس اور جلوسوں کے لیے این او سی اور پرمٹ کے عمل کو مؤثر بنایا جائے اور فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جبکہ علماء کرام اور جلوس منتظمین کی سیکیورٹی کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں شہر میں امن و امان اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مربوط حکمت عملی پر زور دیا گیا۔
آخر میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
