کویت نے گزشتہ روز اپنے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے ڈرون حملے کی سرویلنس ویڈیو جاری کر دی ہے، جس میں مبینہ طور پر حملے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
امریکا سے رابطے منقطع نہیں ہوئے، عباس عراقچی
کویتی حکام کے مطابق جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈرون ٹرمینل ون سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب نے کویتی ہوائی اڈے پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان کا مؤقف ہے کہ ہوائی اڈے پر ہونے والی تباہی ایرانی ڈرون یا میزائل حملے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایرانی میزائلوں کو روکنے کی کوشش کے دوران امریکی پیٹریاٹ دفاعی نظام میں مبینہ خرابی کے باعث پیش آئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے واقعے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 63 افراد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد ہوائی اڈے پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی تھی اور متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واقعے کے حوالے سے کویت اور ایران کے مؤقف میں واضح اختلاف پایا جاتا ہے، جبکہ حتمی حقائق کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔