مکہ دفاعی اتحاد: پاکستان اور ترکیہ کی سعودی عرب میں فوجی تعیناتی کے لیے فوری اقدامات

اسلام آباد: مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا۔ اجلاس میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں تازہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی نمائندگی کی۔

سعودی عرب میں فوجی تعیناتی کا فیصلہ

اجلاس کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق تینوں ممالک نے اجتماعی دفاعی وعدوں پر فوری عمل درآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ طے شدہ فوجی دستوں اور مطلوبہ عسکری صلاحیتوں کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

ان فوجی دستوں اور صلاحیتوں کو سعودی عرب میں تیزی سے تعینات کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ یہ عمل تینوں ممالک کے منظور شدہ انتظامات اور قومی قوانین کے مطابق ہوگا۔

مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی مذمت

اجلاس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کی گئی۔

تینوں ممالک نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی حملے یا خطرے کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا۔

پاکستان اور ترکیہ نے سعودی مسلح افواج کی تیاری اور ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔

اڈیالہ جیل میں بجلی بند، ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم مؤخر

لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود پہلے سیکریٹری جنرل مقرر

اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود (ر) ہلال امتیاز (ملٹری) کو مکہ دفاعی اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کی بھی توثیق کی گئی۔

دفتر خارجہ کے مطابق وہ تین سال کی مدت کے لیے اس ذمہ داری پر فائز ہوں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سیکریٹری جنرل کا تقرر اتحاد کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔

اجتماعی دفاع کے عزم کا اعادہ

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تینوں ممالک کی سلامتی ایک دوسرے کی اجتماعی سلامتی کا حصہ ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق مکہ دفاعی معاہدے کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے سے اجتماعی دفاع، عسکری تیاری اور باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

One thought on “مکہ دفاعی اتحاد: پاکستان اور ترکیہ کی سعودی عرب میں فوجی تعیناتی کے لیے فوری اقدامات”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!