میر رضا علی کے قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی مدت ختم ہوگئی۔ کمیشن نے کارروائی 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں کمیشن نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامے کے مطابق کمیشن کی مدت 27 ستمبر کو ختم ہوئی۔
مدت میں توسیع کی سمری منظور
کمیشن نے اپنی مدت میں 15 اکتوبر تک توسیع کی درخواست سندھ حکومت کو بھیجی تھی۔
فوکل پرسن سندھ حکومت نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے سمری منظور کرلی ہے۔ سمری مزید فیصلے کے لیے سندھ کابینہ کو بھیج دی گئی ہے۔
سندھ کابینہ کا اجلاس یکم اکتوبر کو متوقع ہے۔ اسی وجہ سے کمیشن نے کارروائی 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
توسیع نہ ملی تو رپورٹ جلد جمع ہوگی
حکم نامے کے مطابق اگر سندھ کابینہ نے مدت میں توسیع نہ کی تو مزید گواہان کو طلب نہیں کیا جائے گا۔
ایسی صورت میں کمیشن اب تک ریکارڈ کیے گئے بیانات اور دستیاب مواد کی بنیاد پر رپورٹ تیار کرے گا۔
اگر مدت میں توسیع منظور ہوگئی تو نئے گواہان کو دوبارہ نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
کمیشن تین سینئر پولیس افسران کو بھی سوالنامے ارسال کرے گا۔
کمیشن ایک ماہ کے لیے قائم ہوا تھا
میر رضا علی کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن ایک ماہ کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔
کمیشن کی مدت 27 ستمبر کو مکمل ہوگئی۔ اب سندھ کابینہ کے فیصلے کے بعد تحقیقات کے آئندہ مرحلے کا تعین ہوگا۔