تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ چیلنجز بہت ہیں اس لیے اس وقت اقتدار کوئی اہم چیز نہیں۔
ایک بیان میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اقتدار میں رہ کر لوگوں کی امید پر اترنا مشکل ہے، ملک کے ایسےحالات نہیں کہ کوئی ایک جماعت ملک کو مسائل سے نکال لے، اس وقت اقتدار کوئی اہم چیز نہیں، چیلنجز بہت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ایم کیوایم نے 5 ماہ پہلے آئینی ترامیم کا ڈرافٹ متعارف کرایا، ہماری طرف سے تین آئینی ترامیم کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سندھ کی حکومت میں ایسے لوگ نہیں جن سے بات کرنا ممکن ہو، اس وجہ سے ہم نے ابھی سوچا بھی نہیں کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی سلسلہ بن سکتا ہے یا نہیں، پیپلزپارٹی نے اپنا رویہ اچھا نہیں رکھا، انہوں نے ہمارے ساتھ تلخیاں بڑھائیں، ہم اس پوزیشن میں نہیں کہ ان سے بات کریں۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ ہمارے پاس فارم 45 اور فارم 47 موجود ہیں، ہمارے پاس تمام شواہداور ثبوت موجود ہیں۔