کراچی میں قتل کا مقدمہ میں مطلوب روپوش ملزم شاہد بلوچ کو اے وی سی سی/سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی/سی آئی اے کراچی کی خصوصی ہدایات پر پولیس نے جرائم پیشہ، مفرور اور اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے۔ اسی سلسلے میں خفیہ اطلاع پر پیپلز گراؤنڈ، بلوچ پاڑہ ماڑی پور میں کارروائی کی گئی، جہاں پولیس نے شاہد بلوچ ولد جمعہ بلوچ کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم مقدمہ الزام نمبر 411/26 میں دفعات 302، 324 اور 34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت تھانہ گلستانِ جوہر پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 12 مئی 2026 کو حسین ہزارہ گوٹھ، تھانہ گلستانِ جوہر کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ میں مقدمے کے مدعی کریم بلوچ، ان کی بیٹی عائشہ اور خالہ رخسانہ زخمی ہوئے، جبکہ ان کے 36 سالہ ماموں یونس عمری جاں بحق ہوگئے تھے۔
اے وی سی سی پولیس کے مطابق شاہد بلوچ نے اپنے بیٹے سمیع بلوچ اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر فائرنگ کی تھی۔
پولیس نے گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تھانہ گلستانِ جوہر پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔