کراچی میں تکریم اساتذہ فاؤنڈیشن کے تحت ڈی ای او آفس ڈسٹرکٹ ایسٹ میں یومِ آزادی کی تقریب ہوئی۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تعلیمی افسران، مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور پرنسپلز شریک ہوئے۔ طلبہ نے ٹیبلوز اور قومی نغموں پر پرفارمنس پیش کی۔
’تاریخ کو کسی صورت مسخ نہیں کرنا چاہیے‘
سعید غنی نے کہا کہ ہمیں اپنی تاریخ کو کسی صورت مسخ نہیں کرنا چاہیے۔ بچوں کو پاکستان کے قیام اور اس کے بعد پیش آنے والے واقعات کے بارے میں درست حقائق بتانے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ کم عمری میں بچوں کے ذہنوں میں جو باتیں بیٹھ جائیں، وہ طویل عرصے تک ان کے ساتھ رہتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ نئی نسل کو سچ سننے کی عادت ڈالی جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے وقت ملک کے حالات آسان نہیں تھے۔ بعد کے برسوں میں ملک جس طرح چلایا گیا، اس کی حقیقت بھی بچوں کو بتانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ درست تاریخ سے ہم ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ سکتے ہیں۔ پاکستان کے بارے میں منفی تاثر بھی کئی مواقع پر مثبت حقائق کو مسخ کرکے پیش کیا گیا۔
جشنِ آزادی: سندھ کے وزیرِ تعلیم سردار علی شاہ کی طلبہ کے ساتھ تقریب میں شرکت
’غلط کو غلط اور درست کو درست کہیں‘
سعید غنی نے کہا کہ مسائل کے باوجود پاکستان آج بھی دنیا کے کئی ممالک سے بہتر مقام رکھتا ہے۔
ان کے مطابق اگر ہم اپنی سوچ درست کرلیں تو ملک کے حالات بھی بہتر ہوسکتے ہیں۔ جس دن ہم نے غلط کو غلط اور درست کو درست کہنا شروع کردیا، اس دن ہم ایک کامیاب پاکستانی بن جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے یومِ آزادی کے موقع پر طلبہ کے جوش و جذبے کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں جشنِ آزادی کی تقریبات نئی نسل میں وطن سے محبت کا جذبہ اجاگر کرتی ہیں۔