کراچی میں بانی و قائد پاکستان سنی تحریک شہید محمد سلیم قادریؒ کے یومِ شہادت کے موقع پر منعقدہ ’افکارِ سلیم و رضا کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ شہید محمد سلیم قادریؒ نے اپنی زندگی مشنِ اعلیٰ حضرت کے فروغ، عشقِ مصطفیٰ ﷺ، نظریۂ اہلِ سنت کے تحفظ اور عقیدۂ ختمِ نبوت و ناموسِ رسالت ﷺ کے دفاع کے لیے وقف کردی تھی۔
انہوں نے کہا کہ شہید محمد سلیم قادریؒ کی جدوجہد صرف ایک فرد کی جدوجہد نہیں بلکہ ایک نظریے، فکر اور مشن کی جدوجہد تھی۔ مشکلات، دھمکیوں اور آزمائشوں کے باوجود انہوں نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے بجائے حق کا پرچم بلند رکھا اور جان کا نذرانہ پیش کیا۔
شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ مشنِ اعلیٰ حضرت عشقِ رسول ﷺ، علم، کردار اور خدمت کا پیغام ہے۔ شہداء کی قربانیاں ہمیں اصولوں پر سمجھوتہ کیے بغیر امن، حکمت، صبر اور استقامت کے ساتھ حق کی آواز بلند کرنے کا درس دیتی ہیں۔
انہوں نے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خانؒ کی دینی، علمی اور فکری خدمات کو برصغیر کی تاریخ کا روشن باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ حضرت نے قرآن و سنت کی تعلیمات، محبتِ رسول ﷺ، عقیدۂ ختمِ نبوت اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے علم و قلم کے ذریعے عظیم جدوجہد کی۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو اس علمی و دینی ورثے سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے دین، اخلاق، علم، محبت اور خدمت کا راستہ دکھانا ہوگا۔
پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ آج ہم شہید محمد سلیم قادریؒ، ان کے رفقائے کار اور شہدائے میلادِ مصطفیٰ ﷺ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے عشقِ رسول ﷺ، دین کی سربلندی، نظریۂ اہلِ سنت اور حق و صداقت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے پاکستان کو بزرگوں کی قربانیوں کا ثمر اور آنے والی نسلوں کی امانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی، خودمختاری، استحکام اور ترقی ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔
شاداب رضا نقشبندی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شہداء اور اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے تعلیم، کردار، نظم و ضبط اور خدمتِ خلق کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے نفرت، انتشار اور تعصب کے بجائے اتحاد، بھائی چارے، قانون کی پاسداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سلامتی، آئین و قانون کی بالادستی، عدل و انصاف، امن اور عوامی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے قوم کو متحد ہونا ہوگا۔
انہوں نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور محبِ وطن شہریوں کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا پاکستان تشکیل دینا چاہتے ہیں جہاں اسلامی اقدار کا احترام، آئین و قانون کی بالادستی، اقلیتوں سمیت ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ، امن و انصاف اور عوامی خوشحالی ریاست کی ترجیحات میں شامل ہوں۔
کانفرنس میں پاکستان سنی تحریک کے نائب سربراہ محمد شاہد غوری، مرکزی رہنماؤں محمد مبین قادری، محمد شہزاد قادری، محمد آفتاب قادری، کنوینر علماء بورڈ علامہ طارق شہزاد مدنی، مفتی عبداللہ نوری، علامہ خالف کمال قادری اور علامہ ظہور قادر سمیت دیگر رہنماؤں، علماء، مشائخ اور معززین نے شرکت کی۔
محمد شاداب رضا نقشبندی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی شمع ہمیشہ روشن رکھی جائے گی۔