پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شاہد ولد عبدالرحمن اور فہد ولد سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان مبینہ طور پر شہریوں سے اے ٹی ایم پن حاصل کرنے کے بعد ان کے کارڈز چوری کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان چوری شدہ اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے غیر قانونی ٹرانزیکشنز کرتے اور پی او ایس مشینوں سے خریداری بھی کرتے تھے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی 30 بور پستول اور گولیاں برآمد کیں۔ پولیس نے فراڈ کے ذریعے خریدا گیا نیا اور پیک موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مسروقہ اور غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل، متعدد بینک و دیگر کارڈز اور نقد رقم بھی برآمد ہوئی۔ برآمد موٹر سائیکل کے چیسز نمبر میں مبینہ طور پر ردوبدل کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان اے ٹی ایم فراڈ اور دیگر مقدمات میں مختلف تھانوں کو مطلوب رہے ہیں۔ ملزمان کے خلاف میمن گوٹھ، مدینہ کالونی، خواجہ اجمیر نگری اور سائٹ سپر ہائی وے تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان سائٹ سپر ہائی وے تھانے، ضلع شرقی، کے ایف آئی آر نمبر 662/2026 میں بھی مطلوب تھے۔
ایف بی ایریا انڈسٹریل ایریا تھانے میں غیر قانونی اسلحے کی برآمدگی پر ایف آئی آر نمبر 265/2026 اور 266/2026 درج کرلی گئی ہیں۔ پولیس نے مقدمات سندھ آرمز ایکٹ کی دفعہ 23(1-A) کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان PSP نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اے ٹی ایم فراڈ یا کسی غیر مجاز ٹرانزیکشن کا شکار ہونے کی صورت میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔



