میئر کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں نئے کمیونٹی سینٹر کا افتتاح، مزید سماجی سہولیات کی فراہمی کا اعلان

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ ٹاؤن میں کمیونٹی سینٹر کا افتتاح کیا، شہر کے مختلف علاقوں میں مزید کمیونٹی سینٹرز قائم کرنے کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ ٹاؤن میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ایک نئے کمیونٹی سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سندھ اسمبلی کے رکن آصف موسیٰ، ٹاؤن چیئرمین بلدیہ کریم آسکانی اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بلدیاتی حکومت کی جانب سے شہر میں شروع کیے گئے ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق شہریوں کو بنیادی اور سماجی سہولیات کی فراہمی بلدیاتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں مختلف علاقوں میں سماجی تقریبات کے انعقاد کے لیے مناسب سہولیات دستیاب نہیں تھیں، تاہم اب شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف ٹاؤنز میں جدید کمیونٹی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومت آئندہ بھی ایسے منصوبے جاری رکھے گی جو شہریوں کی سماجی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوں اور ایک صحت مند، متوازن اور فعال معاشرے کے قیام میں کردار ادا کریں۔

میئر کراچی نے اس موقع پر ڈی جی ٹیکنیکل سروسز، بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ہدایت کی کہ شہر کے مختلف علاقوں میں مزید کمیونٹی سینٹرز کے قیام کے لیے جامع تجاویز اور قابلِ عمل منصوبہ جلد تیار کر کے پیش کیا جائے تاکہ ان منصوبوں پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جا سکے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!