راولپنڈی: عسکری تعاون کے فروغ کے تناظر میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کی عرب مسلح افواج کے نائب کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ سے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیبیا کے اعلیٰ عسکری وفد کی جی ایچ کیو آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی تعاون اور پاکستان و لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عسکری تربیت و سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دوست ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور تعمیری تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتی ہیں۔
لیبیا کی عرب مسلح افواج کے نائب کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔