کراچی میں محرم الحرام 1448ھ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی جانب سے ایک اہم بریفنگ سیشن منعقد کیا گیا۔
یہ بریفنگ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی صدارت میں آرٹس کونسل آڈیٹوریم بلال کالونی میں منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ہیڈ محرران اور دیگر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے تفصیلی ہدایات جاری کی گئیں۔ ایس ایس پی نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کی جامع نگرانی اور مسلسل چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ڈیوٹی کے دوران مکمل الرٹ رہیں، مشکوک افراد اور اشیاء پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دیں۔
بریفنگ میں واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ بین المحکماتی رابطے کو مضبوط بنانے اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید فعال کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزاداران کی حفاظت ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض پیشہ ورانہ ذمہ داری، نظم و ضبط اور خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔
