کراچی: اورنگی ٹاؤن میں خیرو گروہ کے 6 ملزمان گرفتار، 15 سے زائد وارداتوں کا انکشاف

کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن کے علاقوں خیر آباد اور الطاف نگر سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں مبینہ طور پر ملوث خیرو گروہ کے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 بغیر لائسنس پستول بمعہ ایمونیشن، 3 موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔

خیرو گروہ کے سرغنہ سمیت 6 ملزمان گرفتار

رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں گروہ کا مبینہ سرغنہ شاہ میر ولد زری خان، محمد اسامہ ولد غلام قادر، نعمت خان ولد دولت خان، مصطفیٰ ولد دولت خان، گل زمان ولد شیر افغان اور ابوبکر عرف پایو ولد بادشاہ شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملزمان اورنگی ٹاؤن کے ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور شہریوں سے موبائل فون و نقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

15 سے زائد وارداتوں کا انکشاف

رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش اسلحے کے زور پر 15 سے زائد وارداتوں میں شہریوں سے نقد رقم اور موبائل فون چھیننے کا انکشاف کیا ہے۔

ملزمان مبینہ طور پر وارداتوں کے دوران خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کرتے تھے۔

ترجمان کے مطابق گروہ کا سرغنہ شاہ میر ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کے علاوہ غیر قانونی ہائیڈرینٹ کے ذریعے پانی فروخت کرنے میں بھی ملوث ہے۔

گرفتار ملزمان چھینے گئے موبائل فون سستے داموں فروخت کرتے اور حاصل ہونے والی رقم آپس میں تقسیم کرلیتے تھے۔

ملزمان پولیس کے حوالے

پاکستان رینجرز سندھ نے گرفتار ملزمان کو اسلحے، ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں فوری اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے شہری کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!