9 مئی کے آلہ کاروں کی سہولت کاری ملک دشمنی ہے، شہباز شریف
9 مئی کو فوج میں تختہ الٹنے کی سازش کی گئی، 9 مئی کے آلہ کاروں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے، غداری تو کوئی جمہوری حکومت بھی برداشت نہیں کرتی۔ صدر ن لیگ کی میڈیا سے گفتگو
مسلم لیگ ن کے صدر سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے آلہ کاروں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے، کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائے گی، لیول پلیئنگ فیلڈ یہ ہے کہ نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں اور میں انصاف کے لیے لاہور کی عدالت میں پیش ہوا۔ لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں عدلیہ کا بے حد احترام ہے، عدالتوں میں حاضری کو اپنا فرض سمجھتے ہیں، شریف خاندان اور لیگی رہنماؤں نے سختیاں جھیلی ہیں، نوازشریف کے سامنے ان کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا، نواز شریف نے دو بار جلاوطنی برداشت کی، لیگی قائد نے وطن واپس آکر خود کو قانون کے سامنے پیش کیا۔
شہباز شرہف نے کہا کہ نواز شریف کی حکومتیں گرائی گئیں، نواز شریف کی حکومت کا 2017ء میں بھی تختہ الٹا گیا، نواز شریف کی حکومت ختم کر کے ترقی کا سفر روکا گیا، بلوچستان میں بھی ن لیگ کی حکومت گرائی گئی اور آپ نے دیکھا اس سب کے نتیجے میں آج 6 سال بعد ملک کہاں کھڑا ہے، اس لیے اب الیکشن بروقت ہونے چاہئیں، ہم پوری تیاری کے ساتھ انتخابی مہم میں داخل ہو رہے ہیں، نواز شریف بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے اور انتخابی مہم میں اپنے منشور کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے آلہ کاروں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے، کسی کوعلم نہیں تھا تحریک انصاف، تحریک تباہی بن جائے گی، اس روز پاکستان کے خلاف سازش اور غداری کی جس کی ملک بھر میں مذمت کی گئی، 9 مئی کے آلہ کاروں کی سہولت کاری ملک دشمنی ہے، 9 مئی کو ایک سازش کی گئی، 9 مئی کو فوج میں تختہ الٹنے کی سازش کی گئی، غداری تو کوئی جمہوری حکومت بھی برداشت نہیں کرتی۔