شکُّر نیوز رپورٹنگ،
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے لیے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کوپاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس جاری کر دیے۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔
تاہم اب پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کوپاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس جاری کیے گئے۔
پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام امیدوار تحریک انصاف نظریاتی کے ٹکٹس آر اوز اور ڈی آروزکے دفاتر میں جمع کرائیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ ٹیم میں سب کرپٹ ہیں میں ان سے بات نہیں کر سکتا، بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتا لیکن یہ سب کرپٹ ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی نے مزید کہا بیرسٹرگوہر جیسےکرپٹ اور دو نمبر لوگ پارٹی پر قابض ہیں ان سے بات نہیں ہو سکتی۔
خیال رہے کہ امیدواروں کی جانب سے الیکشن کے لیے حاصل ٹکٹس کی واپسی کے لیے آج آخری روز ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن سے ٹکٹ واپس کرنے کے لیے وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔