کراچی: ترجمان سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے مقامی اخبار میٹرو پولیٹن میں شائع کردہ خبر کو من گھڑت، جھوٹی اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں تردید اور مذمت کی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ اس خبر کے ذریعے ادارے کی ساکھ اور افسران کی کردار کشی کی گئی ہے، جو ناقابل برداشت ہے۔
محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات: ایڈیشنل آئی جی کراچی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس
ترجمان کے مطابق مذکورہ خبر کے پیچھے مذموم مقاصد کارفرما ہیں، جن میں بھتہ خوری کی کوششیں اور افسران کو بلیک میل کرنے کی کوشش شامل ہے۔ ترجمان نے انکشاف کیا کہ میٹرو پولیٹن کے چیف ایڈیٹر زوار حسین شیخ کی جانب سے اتھارٹی افسران کو دھمکی آمیز فون کالز موصول ہوئیں، جن میں ماہانہ 10 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف SOPs کے مطابق بھرپور قانونی کارروائیاں کر رہی ہے، اور ایسے وقت میں جھوٹی خبروں کا مقصد انہدامی مہم کو سبوتاژ کرنا ہے۔
اس سلسلے میں ایف آئی اے سائبر کرائم سیل، سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، اور کراچی پولیس چیف کو ایف آئی آر درج کروانے کے لیے خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں۔ مزید برآں، وزیر اطلاعات سندھ اور دیگر متعلقہ اداروں کو مذکورہ اخبار کی خبری تراشے بھی بھجوائے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ SBCA ان مجرمانہ اقدامات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مکمل حق محفوظ رکھتی ہے اور مستقبل میں کسی بھی کردار کشی یا جھوٹی مہم جوئی کو ہر سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔