کراچی کے پوش علاقے کلفٹن فیز 5، خیابانِ شمشیر سے پانچ سالہ بچی راشیدہ کے اغوا کا واقعہ رپورٹ ہوا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی کو 72 گھنٹوں میں باحفاظت بازیاب کر لیا۔
نارتھ ناظم آباد میں مائیکرو فنانس دفتر پر واردات، سیکیورٹی گارڈ سمیت گروہ ملوث
بچی کی والدہ کے مطابق، راشیدہ اپنے سات سالہ بھائی وحید کے ساتھ بدر کمرشل سے کھانا کھا کر واپس آ رہی تھی، جب ایک رکشہ ڈرائیور نے لفٹ کی پیشکش کی۔ راستے میں ڈرائیور نے وحید کو 50 روپے دے کر قریبی دکان سے بسکٹ منگوانے بھیجا اور اسی دوران بچی کو اغوا کر کے فرار ہو گیا۔
کلفٹن پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج اور انٹیلیجنس ذرائع کی مدد سے تفتیش شروع کی۔ مسلسل 72 گھنٹے کی محنت کے بعد پولیس نے بچی کو بازیاب کر کے والدین کے حوالے کر دیا۔
اغوا میں ملوث رکشہ ڈرائیور نظیر احمد ولد عبداللہ کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے دو جعلی پریس کارڈز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
والدین نے بچی کی بحفاظت واپسی پر ساؤتھ پولیس اور کلفٹن تھانے کا شکریہ ادا کیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔