نارتھ ناظم آباد کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب ایک مائیکرو فنانس بینک کے دفتر میں چوری کی بڑی واردات پیش آئی، جس میں ادارے کا ہی سیکیورٹی گارڈ ملوث نکلا۔ پولیس نے واردات میں شریک گارڈ امان اللہ ولد غلام یاسین کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
نارتھ کراچی سیکٹر 5L میں فائرنگ، موٹر سائیکل سوار ناصر شدید زخمی
پولیس ذرائع کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے گزشتہ رات اپنے 10 سے 12 ساتھیوں کو دفتر کا گیٹ کھول کر اندر داخل کیا۔ ملزمان دو مختلف گاڑیوں، ایک سفید کرولا اور ایک نیلے رنگ کے رکشے میں موقع پر پہنچے۔ وہ اپنے ساتھ لاکر توڑنے کے لیے کٹنگ ویلڈر بھی لائے تھے۔
گارڈ امان اللہ نے دوران تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کر دی ہے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (SIU) اور کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
ایس پی گلبرگ ڈویژن اور ایس ڈی پی او نارتھ ناظم آباد بھی جائے وقوعہ پر موجود رہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی جانب سے پہلے ہی تمام بینکوں کو سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کی گئی تھی، جس میں فینکا مائیکرو فنانس بینک کو بھی شامل کیا گیا تھا۔