اسلام آباد: بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز کی دہشت گردی میں ملوث ہونے کا انکشاف ایک بار پھر منظر عام پر آگیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت، کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت، تربیت، اسلحہ فراہمی اور علاج معالجے تک کا انتظام کرتا ہے، جس کا مقصد پاکستان کی علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔
پاکستان خطے میں امن کا خواہاں، بات چیت کے لیے تیار ہیں: وزیراعظم شہباز شریف
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں دہشت گردوں کی شکست کے بعد بھارتی حکومت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور پراکسیز کے ذریعے ایک نئی سازش رچائی جا رہی ہے۔ ان پراکسی نیٹ ورکس کو نہ صرف بھارتی خفیہ ایجنسیاں معاونت فراہم کر رہی ہیں بلکہ انہیں میڈیا اور سرکاری سطح پر بھی سپورٹ حاصل ہے۔
حیران کن طور پر دہشت گرد حملوں کی اطلاعات سب سے پہلے بھارتی میڈیا پر نشر ہوتی ہیں، جسے بعد ازاں پروپیگنڈا مہم میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق، بھارتی نیوز چینلز اور اینکرز نہ صرف کالعدم تنظیموں کے دفاتر دہلی میں کھولنے کے مشورے دے رہے ہیں بلکہ مودی سرکار کی جنگی پالیسی کو بھی ہوا دے رہے ہیں۔
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن و امان کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں اور عالمی برادری کو چاہیے کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سختی سے نوٹس لے۔