کراچی (اسٹاف رپورٹر) — سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ قومی ہیروز کی خدمات اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ 28 مئی 1998ء پاکستان کی تاریخ کا وہ دن ہے جب وطن عزیز نے چاغی کے پہاڑوں میں پانچ کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے دنیا میں خود کو ایک جوہری طاقت کے طور پر منوایا۔
پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کا روشن پیغام — قومی ہم آہنگی کانفرنس 2025 کا انعقاد
انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کے تحت ملک بھر میں 28 مئی کو یومِ تکبیر منایا جائے گا اور "فتح مبین” کے عنوان سے سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں قومی ہیروز خصوصاً محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
شاداب رضا نقشبندی نے مرکزِ اہلسنت پر مرکزی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ہماری دفاعی خودمختاری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی 11 اور 13 مئی 1998 کے پوکھران تجربات کے بعد پاکستان نے 28 مئی کو کامیاب ایٹمی تجربات کر کے خطے میں طاقت کا توازن قائم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا اور دنیا کا ساتواں ایٹمی ملک ہے، اور یہ اعزاز ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی ٹیم کی شبانہ روز محنت، جذبے اور عزمِ مصمم کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاک افواج نے بھارت کے رافیل طیارے کو نشانہ بنا کر دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا، جو ہماری عسکری صلاحیت اور دفاعی تیاری کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان کی افواج کو دنیا کی بہترین افواج میں شمار کیا جاتا ہے اور یہ قوم کی امید و فخر ہیں۔