کراچی: عیدالاضحیٰ میں صرف 13 دن باقی رہ گئے ہیں اور نادرن بائی پاس پر قائم مویشی دوست منڈی میں جانوروں کی آمد کا آج 27 واں دن ہے۔ اب تک ملک کے مختلف علاقوں سے لائے گئے بیل، گائے، بکرے، اونٹ اور دنبے سمیت مختلف قربانی کے جانوروں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کا دسویں کانووکیشن کا انعقاد، 103 گریجویٹس کو ڈگریاں، نمایاں طلبہ کو اعزازات
منڈی میں پہلے دن سے جانوروں کی خرید و فروخت جاری ہے، اور گزشتہ ہفتے کی رات سے اتوار کی صبح تک منڈی میں میلے جیسا سماں رہا۔ رات بھر مویشی دیکھنے کے لیے منڈی میں موجود شہریوں نے صبح کا ناشتہ فوڈ اسٹریٹ پر کیا، جس نے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔
ایڈمنسٹریٹر شہاب علی کے مطابق ملک بھر سے جانوروں کی آمد تیزی سے جاری ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ فروخت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ متوسط طبقے نے کم قیمت اور خوبصورت جانوروں کی تلاش میں جنرل بلاکس کا رخ کر رکھا ہے جہاں ڈیڑھ من کے جانور کی قیمت 1 لاکھ 60 ہزار جبکہ ساڑھے تین من کے جانور کی قیمت 2 لاکھ 25 ہزار تک بتائی جا رہی ہے۔
منڈی میں ہزاروں سے لے کر لاکھوں روپے مالیت کے جانور دستیاب ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر کا کہنا ہے کہ بیوپاری اپنے نرخ پر جانور فروخت کر رہے ہیں جبکہ خریدار اپنی استطاعت کے مطابق جانور خرید کر لے جا رہے ہیں۔ منڈی میں اب بھی ساڑھے تین سے چار لاکھ جانوروں کی گنجائش باقی ہے۔