کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ شہر میں 26 مئی سے پولیو کے خاتمے کے لیے مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات آج کمشنر آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں KTF کے نمائندہ سعود کھوسو، تمام ڈپٹی کمشنرز، بلدیاتی اداروں، محکمہ صحت اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
گلبرگ پولیس کی کارروائی، اسلحہ اور چھینے گئے موبائل فون برآمد، دو ملزمان گرفتار
کمشنر کراچی نے کہا کہ اپریل میں چلائی گئی پولیو مہم کامیاب رہی اور امید ہے کہ اس بار کی مہم مزید مؤثر ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گزشتہ مہم میں جو خامیاں سامنے آئیں، ان سے سیکھ کر اس بار ان کا اعادہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے اور مہم کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ڈپٹی کمشنرز کو کہا کہ وہ سول سوسائٹی، معززینِ علاقہ اور علمائے کرام کو بھی مہم میں شامل کریں۔
اجلاس کے دوران KTF کے کوآرڈینیٹر سعود کھوسو اور یونیسیف کے نمائندے نے مہم کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ ڈپٹی کمشنرز نے اپنی اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
اسی دوران کمشنر کراچی سے سول سوسائٹی کے نمائندوں — طاہر صدیقی، توفیق احمد، منظر عالم، شمشاد قریشی، شیخ ارشاد اور شانواد عابدی — نے ملاقات کی اور شہر کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
بعد ازاں، کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کے ہمراہ ضلع ساؤتھ کے مختلف علاقوں بشمول بوٹ بیسن، باتھ آئی لینڈ، عبداللہ ہارون روڈ، کھارادر، اور بولٹن مارکیٹ کا دورہ کیا اور پیدل گلیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے موقع پر ہی مسائل کے فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں
