کراچی: پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے کہا ہے کہ صرف بیانیے جاری کرنے سے غزہ کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، اسرائیل معصوم فلسطینیوں کو ہر طرح کی بنیادی ضروریات سے محروم کر رہا ہے۔ امدادی سامان نہ پہنچنے کی وجہ سے بچے بھوک، پیاس اور فاقہ کشی کا شکار ہیں۔
کمشنر کراچی کا اعلان: 26 مئی سے پولیو مہم کا آغاز، تمام انتظامات مکمل
انہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو ظلم و بربریت سے روکیں۔ غزہ پر اسرائیل کے زمینی اور فضائی حملوں کی وجہ سے عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں اور فلسطینیوں کے پاس رہنے کے لیے جگہ نہیں، سب کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ پناہ گزین کیمپ بھی اسرائیل کی بربریت کا شکار ہیں جبکہ اسپتالوں میں طبی امداد کا سامان ختم ہو چکا ہے۔
بلال عباس قادری نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں تک فوری امداد پہنچانے کے اقدامات کریں کیونکہ اسرائیل امدادی سامان کی رسائی روک رہا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی قبضے کو ختم کروایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم پوری دنیا کے سامنے ہیں مگر فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں ہو رہا۔ غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں جس کی وجہ سے وہاں کے عوام کو اپنی جانیں بچانا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور بین الاقوامی قوانین کو بھی پامال کیا ہے۔ اسرائیل دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد بن چکا ہے اور تمام مسلم ممالک کو اس پر قابو پانے کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا تاکہ اسرائیل اور اس کی پشت پناہی کرنے والی طاقتوں کو لگام ڈالی جا سکے۔