کراچی: سٹی پولیس نے مختلف علاقوں میں کی جانے والی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران دو اسٹریٹ کریمنلز سمیت چھ موٹر سائیکل چوروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق کارروائیاں تھانہ بغدادی، کلاکوٹ، نبی بخش، کھارادر اور کلری کی حدود میں عمل میں لائی گئیں۔
عیدالاضحیٰ 2025: سندھ حکومت کا سیکیورٹی کنٹی جینسی پلان تیار، سخت ضابطہ اخلاق نافذ
گرفتار ملزمان میں محمد سمیر، عبد الوہاب، انیل عرف عباس، حسنین، نادر، محمد احسن، حماد اور محمد علی عرف مالیا شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے دو غیر قانونی پستول بمعہ راؤنڈز اور پانچ چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔
تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان پیشہ ور اور عادی جرائم پیشہ افراد ہیں، جو نشے کی لت کو پورا کرنے کے لیے موٹر سائیکلیں چوری کر کے محض 4000 روپے میں فروخت کر دیتے تھے۔ برآمد شدہ موٹر سائیکلوں میں:
KIH-8877 (مقدمہ: 186/2025، تھانہ گارڈن)
KFW-9851 (مقدمہ: 136/2025، تھانہ پاپوش نگر)
KKB-5893 (مقدمہ: 144/2025، تھانہ کلری)
KAC-3133 (مقدمہ: 144/2025، تھانہ فرئیر)
KMM-6198 (مقدمہ: 203/2025، تھانہ بریگیڈ)
شامل ہیں، جن کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
مزید تفصیلات کے مطابق ملزم انیل عرف عباس پہلے بھی غیر قانونی اسلحہ، موٹر سائیکل چوری اور منشیات کے پانچ مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے، جب کہ ملزم عبد الوہاب اقدام قتل، اور محمد علی عرف مالیا ڈکیتی کے مقدمے میں جیل جا چکا ہے۔
تمام گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام اور اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔