کراچی: وزیر داخلہ سندھ، ضیاء الحسن لنجار کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ 2025 کے موقع پر سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع اور ترجیحی کنٹی جینسی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔
پلان کے مطابق، تمام رجسٹرڈ فلاحی، سماجی ادارے، دینی مدارس اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کا پابند بنایا جائے گا۔
کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں، ہیٹ ویو کا خدشہ، اپوزیشن کا سندھ حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ
وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ چرم قربانی کی جمع آوری اور نقل و حمل کے عمل کو تحریری اجازت ناموں اور دیگر قانونی دستاویزات سے مشروط کیا جائے، اور ان کی سختی سے جانچ پڑتال کو کنٹی جینسی پلان کا حصہ بنایا جائے۔
سینٹرل پولیس آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے شہر بھر میں نگرانی، مانیٹرنگ اور سرویلینس کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مشتبہ اور مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی اور ممکنہ گھناؤنے عزائم کے بروقت سدباب کو یقینی بنایا جائے گا۔
مزید برآں، شہر کے تمام زونل اور ضلعی کنٹرول رومز اور تھانہ جات کے وائرلیس کنٹرول رومز کے درمیان روابط کو انتہائی مربوط بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
صوبے بھر کی مساجد، امام بارگاہوں، عیدگاہوں اور دیگر کھلے مقامات جہاں نماز عید ادا کی جاتی ہے، ان کی فہرستیں مرتب کرکے درجہ بندی کی جائے گی۔ ان مقامات پر پولیس کے ساتھ ساتھ پولیس کمانڈوز کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
پلان میں ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کی ذمہ داریاں بھی واضح طور پر شامل کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سادہ لباس اہلکاروں پر مشتمل سرویلینس ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔