کراچی (نمائندہ خصوصی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل نے کراچی میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے سونے کی اسمگلنگ اور غیرقانونی حوالہ ہنڈی میں ملوث گینگ کو بے نقاب کر دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر: بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی تو چھ دریا پاکستان کے ہوں گے
ایف آئی اے حکام کے مطابق صدر کے علاقے راجہ غضنفر علی روڈ پر واقع گولڈ ٹاور اور گولڈ سینٹر پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
کارروائی کے دوران 11 کروڑ 58 لاکھ روپے نقدی اور 17 سونے کی اینٹیں برآمد کی گئیں، جن میں ہر اینٹ کا وزن 10 تولہ ہے۔
گرفتار افراد میں محمد ناصر کھتری، محمد رفیق خانانی، نوید اسلم، سعیداللہ، اور عرفان رحمت اللہ شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق اسمگلنگ اور غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے دو اہم ملزمان، محمد سلیم عرف سلیم بابا اور باسط آکبانی عرف باسط، تاحال مفرور ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔
ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ 1969 اور فارن ایکسچینج ریگولیشن ترمیمی ایکٹ 2020 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔