کراچی (اسٹاف رپورٹر) — کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے شہر کی ترقی، شفافیت اور بلنگ نظام کی بہتری کے لیے ایک انقلابی حکمت عملی کا آغاز کر دیا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کے احکامات پر جدید ڈیجیٹل بلنگ سسٹم نافذ کیا گیا ہے، جس کے ذریعے وہ تمام صارفین جو اب تک واٹر کارپوریشن کے نظام میں شامل نہیں ہو سکے تھے، بآسانی اس کا حصہ بن سکیں گے۔
ڈائریکٹر بلنگ، محسن ذوالفقار قائم خانی کے مطابق، اب صارفین صرف اپنا قومی شناختی کارڈ اور ملکیت کے دستاویزات جمع کرا کر بلنگ سسٹم میں اندراج کروا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ون ونڈو آپریشن کے تحت ایک مربوط نظام متعارف کرایا گیا ہے جو شہریوں کے اندراج کے عمل کو تیز اور آسان بنائے گا۔
مزید برآں، ہائی رائز بلڈنگز میں جہاں 75 فیصد یا اس سے زیادہ یونٹس رہائش پذیر ہیں، ان کے لیے انفرادی بلنگ کی سہولت بھی شروع کی گئی ہے تاکہ ہر رہائشی کو براہ راست، منصفانہ اور شفاف سروس فراہم کی جا سکے۔
واٹر کارپوریشن نے رہائشی، تجارتی اور ادارہ جاتی پراپرٹیز کی علیحدہ درجہ بندی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ صارفین کی نوعیت اور ضروریات کے مطابق خدمات فراہم کی جا سکیں۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے کنکشن جلد از جلد رجسٹر کروانے کے لیے مرکزی دفتر، کارساز بلاک اے، 9 میل شارع فیصل میں رابطہ کریں۔
یہ تمام اقدامات کراچی کے شہریوں کو بہتر، شفاف اور بروقت پانی کی خدمات فراہم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ بلنگ کا عمل زیادہ منصفانہ اور پائیدار بنایا جا سکے۔