راولپنڈی میں فیلڈ مارشل آرمی چیف سید عاصم منیر کی قیادت میں 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں ملکی سیکیورٹی، آپریشنز اور بھارتی اشتعال انگیزی سمیت خطے کی مجموعی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کا آغاز خضدار کے دہشت گرد حملے میں شہداء اور آپریشن بنیان مرصوص کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔
شرکاء نے اس حملے کو بھارت کی حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیز کی کارروائی قرار دیتے ہوئے معصوم بچوں اور شہریوں کی شہادت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ اجلاس میں مسلح افواج کی پیشہ وارانہ حکمت عملی اور دفاعی ردعمل کو سراہا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعلیٰ فوجی اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی گئی اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو دشمن کے خلاف ایک فیصلہ کن قدم قرار دیا گیا۔ مسلح افواج، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کلیدی قرار دیا گیا۔
کانفرنس میں بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف پاکستانی میڈیا اور نوجوانوں کے کردار کو سراہا گیا۔ شرکاء نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا عزم دہرایا اور کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔
کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مسلح افواج کے عزم اور قوم کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں اور ہم ان کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہیں۔