کراچی (اسٹاف رپورٹر) عید قرباں میں صرف 22 دن باقی رہ گئے ہیں اور شہر قائد کی سب سے بڑی ناردرن بائی پاس مویشی دوست منڈی میں جانوروں کی آمد کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ 12 سو ایکٹر پر پھیلی یہ وسیع و عریض منڈی شہریوں اور بیوپاریوں کا مرکز نگاہ بنی ہوئی ہے۔
17 اپریل سے فعال اس منڈی میں اب تک 52 ہزار سے زائد قربانی کے جانور لائے جا چکے ہیں۔ وی وی آئی پی، وی آئی پی اور سفائر بلاکس میں موجود خوبصورت اور طاقتور جانوروں نے خریداروں کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی ہے۔ ان بلاکس میں مختلف نسلوں کے بہترین بیل، گائے، بکرے اور دنبے موجود ہیں۔
رحیم یار خان، صادق آباد، نوشہرو فیروز، مورو اور حیدرآباد سے بڑی تعداد میں بیوپاری اپنے مال مویشی لے کر یہاں پہنچ رہے ہیں۔ مختلف شہروں سے آئے بیوپاری ایڈمنسٹریٹر بلاک میں پسندیدہ پلاٹس کے حصول کے لیے دن رات چکر لگا رہے ہیں۔
منڈی کی انتظامیہ نے بیوپاریوں کی تعداد میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے جنرل بلاک 2 کو بھی عوام کے لیے کھول دیا ہے۔ رات بھر جگمگاتی روشنیوں میں نہائی ہوئی یہ منڈی شہریوں کے لیے نہ صرف تفریح کا باعث بنی ہوئی ہے بلکہ خریداروں کو قربانی کے جانور خریدنے کی بہترین سہولت بھی فراہم کر رہی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر فیصل علی نے کہا ہے کہ "بیوپاریوں کو سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اگر کسی کو کوئی شکایت ہو تو ہماری ٹیم دن رات حاضر ہے۔