کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن، سعید غنی نے اعلان کیا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت اور انتہاپسندی کے خلاف کامیاب اور مؤثر جواب پر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن جمعرات، 15 مئی کو "یوم تشکر” منائے گی۔
انہوں نے بدھ کے روز پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ یوم تشکر کی مرکزی تقریب شام 6 بجے کلفٹن سی ویو پر یادگار پاکستان پر منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں کراچی کے تمام اضلاع سے پارٹی کارکنان، عہدیداران، اور شہری ریلیوں کی شکل میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں جنرل سیکرٹری کراچی ڈویژن جاوید ناگوری، صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی، تمام ضلعی صدور، ٹاؤن چیئرمینز اور ذیلی تنظیموں کے نمائندگان شریک تھے۔
سعید غنی نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں ایک مضبوط اور جرأت مندانہ کردار ادا کیا، جس پر قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ بھر میں یہ دن قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی اور کراچی میں جشن کا سماں ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر یادگار پاکستان پر 40 فٹ طویل ٹرالر پر تیار فلوٹ سے آتشبازی کی جائے گی، جبکہ قومی فنکار ملی نغموں کے ذریعے ریلیوں کا استقبال کریں گے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام کو اس تقریب میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی افواج سے اظہار یکجہتی کر سکیں۔